وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جو کارکن 9 مئی کو استعمال ہوئے قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے ہیں۔ منصوبہ سازوں کی گرفت تک سزاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا دینے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہے، سانحہ 9مئی کے 25ملزموں کو سزائیں سنائی گئیں، ابھی توجو کارکن استعمال ہوئے قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے ہیں۔ قانون جب تک منصوبہ سازوں پر ہاتھ نہیں ڈالتا تب تک اس سلسلے کا اختتام نہیں ہوتا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہونا توچاہیے تھا امریکا اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوتا، تاخیر نے ملزموں اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھائے، شہدا اورغازیوں کی توہین کرنے والوں کو ہیرو بنایا گیا۔
واضح رہے کہ آج آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 9 مئی سانحے کے 25 ملزمان کو سزائیں سنادی ہیں، یہ سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئی ہیں۔