سکھر کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس میں تمام ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنادی۔
سکھر کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عبدالرحمٰن قاضی نے جے یو آئی کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس کا 13 دسمبر کو محفوظ کیا گیا مختصر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے تمام چھ ملزمان حنیف بھٹو، مشتاق مہر، الطاف جمالی، لطف جمالی، سارنگ اور دریا خان جمالی کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے ملزمان کو قتل اور دہشت گردی کے الزام میں عمر قید، اسلحہ کے الزام میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
واضح رہے کہ 29 نومبر 2014 کو جے یو آئی (ف) کے سندھ چیپٹر کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو سکھر کے علاقے سائٹ ایریا میں مدرسہ حقانیہ سے ملحقہ مسجد میں حملہ آوروں نے اس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا جب وہ نماز فجر ادا کر رہے تھے۔
ڈاکٹر محمود سومرو کا شمار جے یو آئی کے اہم رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے 2006 سے 2012 تک سینیٹ کے رکن بھی رہے۔





















