مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ مخالفین بھی جانتے ہیں کہ نوازشریف کے آنے پرہی ملک چلے گا،نئی مسلم لیگ کا جنم ہوا ہے،دنیا پاکستان کاعروج دیکھے گی ۔
قائدن ن لیگ کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی ترانہ ریلیز کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو مٹانے والے کئی آئے اور چلے گئے ۔ مخالفین بھی جانتے ہیں کہ نوازشریف کے آنے پرہی ملک چلے گا ۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے بھائی سے وفا نبھائی،مشکل وقت میں پرچم بلند رکھا ،سب سے بڑی جماعت ہماری ہے۔
چیف آگنائزر نےکہا کہ اکیس اکتوبرکوخوشی کا دن آرہا ہے ،دنیا پاکستان کاعروج دیکھے گی ،نئی مسلم لیگ کا جنم ہوا ہے ،یقین ہے کہ مستقبل پاکستان مسلم لیگ ن کا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ ہم نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور انہیں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ کے سارے مسلمان بہن بھائی خصوصاً پاکستانی مصیبت کی اس گھڑی میں آپکے ساتھ ہیں۔
اس موقع پرمسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف کا استقبال یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں نے کرنا ہے،مینار پاکستان پر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور تاریخی استقبال ہو گا۔
شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف آئے گا تو پرانے کاموں کو دوبارہ شروع کرے گا۔