سانحہ اے پی ایس پشاور کی دسویں برسی کی مناسبت سے پشاور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بلند حوصلوں کے مالک ان روشن شمعوں نے اے پی ایس کی دسویں برسی میں شرکت کرکے فتنہ الخوراج کو واضح پیغام دیا کہ یہ قوم کسی سے ڈرنے والی نہیں ہے ۔
غازی طلبا کا کہنا تھا کہ ہم آرمی پبلک سکول، پشاور کے سانحے کے غازی ہیں ۔ ہمیں فخر ہے اپنے وطن پاکستان پر اور ہمیں پاک فوج پر ناز ہے۔
کیپٹن حرا، کیپٹن نعمان، کیپٹن حسان اور عائشہ نواب کو جو اے پی ایس کے غازی اور شہداء کے فیملی ممبرز ہیں جنہوں نے نہ صرف حالات کا مقابلہ کیا بلکہ کامیابی کی روشن مثال ہیں۔ سانحہ اے پی ایس کے وقت یہ باصلاحیت نوجوان اے پی ایس کے سٹوڈنٹ تھے۔
آج کی اس تقریب کا انعقاد آرمی پبلک سکول میں اُسی جگہ پر ہوا جہاں یہ سانحہ وقوع پذیر ہوا تھا- تقریب کا آغاز یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
تقریب میں اے پی ایس کے شہداء کے لواحقین ، اساتذہ ، بچوں اور عسکری حکام نے شرکت کی، شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین و عقیدت پیش کرتے ہوئے بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے۔ شہداء کے لواحقین نے دسویں برسی کے موقع پر فتتہ الخوراج کے خلاف جنگ کے عزم کو دہرایا۔
سٹوڈنٹ اے پی ایس کیپٹن حرا نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ایک دلخراش واقعہ ہے جس نے ہمارے عزم اور حوصلے کو مزید بلند کیا۔ ایک شہید طالب علم کی والدہ نے کہا کہ ہم نہ ہارے تھے اور نہ ہاریں گے اور فتتہ الخوراج کے خلاف ہماری جنگ ہمیشہ جاری رہے گی، ہمارے بچوں اور تمام اداروں کی قربانیوں کو میں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
غازی طلبا کا کہنا تھا کہ بحثیت قوم کے بیٹے ہونے کے ناطے فتتہ الخوراج کو یہ پیغام ہے کہ رہتی دنیا تک وطن عزیز کی خاطر قربانیاں دیں گے اور اہم اپنے شہیدوں کو بھولتے نہیں۔






















