چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے ضلعی عدلیہ کو انصاف کی فراہمی کا پہلا زینہ اور سب سے اہم فورم قرار دے دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کے گھوٹکی کے دورے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ضلعی عدالتیں عدلیہ کے حوالے سے عوامی تاثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
چیف جسٹس نے ججز اور وکلا کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے ساتھ ہمدردانہ اور احترام کا رویہ اپنائیں، عدالتیں محض قانون کی عمارت نہیں بلکہ لوگوں کے لیے امید اور انصاف کی کرن ہیں۔
چیف جسٹس نے ججز کے لیے سازگار ماحول، وقار اور ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا اور ہائی کورٹس کو ہدایت کی کہ دور دراز کے اضلاع میں ہنر مند افسران کی تقرری کو ترجیح دی جائے۔
اعلامیے کے مطابق عدالتی افسران کو مزید بااختیار بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات تجویز کیے گئے جن میں غیر ملکی تربیتی پروگرام اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کو ترجیح دینا شامل ہے۔
چیف جسٹس نے وکلاء کی سہولت کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت متعارف کرانے کی بھی تجویز دی تاکہ عدالتی کارروائیوں میں مزید آسانی اور شفافیت لائی جا سکے۔