وفاقی دارالحکومت کو بلوائیوں سے بچانے کےلیے وزیراعظم شہباز شریف نے دو ماہ میں انسداد فسادات فورس (اے آر ایف ) تیار کرنے کا حکم دے دیا۔
شہراقتدار کو بلوائیوں کی یلغار سے محفوظ بنانے کے لئے انسداد فسادات فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نےوزارت داخلہ کو 2 ماہ کےاندر فورس کی تشکیل مکمل کرنے کا حکم دیدیا ۔ انسداد فسادات فورس خود مختار ہوگی۔ اس کےخفیہ معلومات ، تفتیش اور استغاثہ ونگز بھی قائم کئے جائیں گے۔ اے آر ایف کے ٹی او آرز خصوصی ٹاسک فورس ، فریقین کی مشاورت سے تشکیل دے گی ۔
دستاویز کے مطابق انسداد فسادات فورس کیلئے بھرتی ہونے والے نئے اہلکاروں کو پاک فوج تربیت دے گی، بعد میں اہلکاروں کی تربیت کے لیے کیپٹل پولیس کالج میں انتظام کیا جائے گا ۔ آئی جی اسلام آباد کو 2 ماہ میں پولیس کالج کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کا ٹاسک دیدیا گیا ۔ انسداد فسادات آپریشنز میں ایف سی کی خدمات بھی لی جائیں گی ۔
وزیراعظم نےشہادتوں اوردیگرقوانین میں ترامیم 2 ہفتوں میں مکمل کرنےکا ٹاسک دے دیا۔ فرانزک لیب کی تشکیل 2 ماہ میں کرنے کا حکم دیدیا۔ خصوصی پراسیکیوشن ٹیم کیلئے ایڈہاک بنیادوں پر اسپیشل پراسیکیوٹر بھرتی کئے جائیں گے ۔ چالان اور انوسٹی گیشن کے لئے اسلام آباد پولیس کو پنجاب سے مدد لینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ نادرا اور پی ٹی اے کو موبائل سمز کا ڈیٹا ایک دوسرے سے شیئر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔





















