پاکستان نے شام میں اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شام کی خودمختاری اور سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کر دیا کہ شام میں کوئی بھی حکومتی انتظام شامی عوام کی امنگوں کےمطابق ہونا چاہیے اور کسی بیرونی قوت کو شامی لوگوں کا مستقبل طے کرنے کا حق نہیں جبکہ عالمی برادری اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام کی خودمختاری اور سالمیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان قاہرہ میں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرے گا اور اجلاس کے ایجنڈے کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغان وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی کی ہر کارروائی کی مذمت کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان حکام سے رابطے میں ہیں اور واقعے کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے دعوت نامہ سے لاعلمی ظاہر کی۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی اور کہا پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بربریت جاری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔