سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی ) کی جانب سے ملزمان کو نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بطور سربراہ جے آئی ٹی ملزمان کو نوٹس جاری کیے ہیں جبکہ ملزمان میں صبغت اللہ وِرک، محمد ارشد ، عطاالرحمن، اظہر مشوانی، کومل آفریدی، عروسہ ندیم شاہ اور ایم علی ملک شامل ہیں۔
نوٹس کے مطابق جے آئی ٹی نے ملزمان کو 13دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔
ملزمان نے سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کے ذریعے پاکستان میں افراتفری اور انتشار پھیلایا۔
وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر جرائم کی روک تھام کے لئے پیکا ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے مطابق آئی جی پولیس کے ماتحت ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل دی ہے جو ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے پسِ پردہ مقاصد کا تعین کرنے کے لیے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مزید ملزمان کی شناخت اور ان کے خلاف قابل اطلاق قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس ملزمان کے خلاف ملک میں بد امنی اور انتشار پھیلانے کے لئے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔