اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ اب لوگ ان سے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق سوال کرنا بند کردیں۔
کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان میں جاری سترہویں اردو کانفرنس میں ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ شاہ رخ خان پر بات کرنے سے تنگ نہیں آتیں لیکن لوگوں کے غلط مطلب نکالنے سے پریشان ہوتی ہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ وہ خود سے شاہ رخ خان پر بات نہیں کرتیں، جب ان سے بولی وڈ اداکار سے متعلق کوئی سوال کیا جاتا ہے تو وہ اس کا جواب دیتی ہیں۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ سوال پوچھنے پر جواب دینے کے بعد لوگ تبصرہ کرتے ہیں اور ان پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ خود ہر بار شاہ رخ خان پر بات کرتی ہیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسی لیے وہ یہی کہتی اور چاہتی ہیں کہ کوئی ان سے شاہ رخ خان سے متعلق کوئی سوال نہ کرے تاکہ وہ کوئی جواب بھی نہ دیں۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان 2016 میں شاہ رخ خان کے ساتھ بولی وڈ فلم ’رئیس‘ میں کام کر چکی ہیں اور اداکارہ متعدد بار اداکار کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالوں کے کھل کر جواب دیتی رہی ہیں۔