انٹرنیشل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ملتوی ہونے والے اجلاس کی وجہ سامنے آگئی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان جاری ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لئے آئی سی سی کا آج اہم اجلاس ہونا تھا جسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات طے نہیں ہوسکے اور پاکستان اپنے مطالبات پر پوری طرح ڈٹا ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ معاملات حتمی مرحلے میں ہیں ، تاہم پاکستان کے مطالبات پر جواب نہ آنے تک اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں ۔
لازمی پڑھیں۔ آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اجلاس ایک بار پھر ملتوی
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مطالبات پر بھارت نے جواب دینا ہے جو ابھی تک نہیں دیا جبکہ پاکستان اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹا، معاملات جلد حل ہونے کی امید ہے اور معاملات حل ہوتے ہی ایونٹ کی میزبانی سمیت دیگر معاملات کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 5 دسمبر کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) بورڈ میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
اجلاس میں پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا موقف بتایا جبکہ بھارت نے پاکستان کا 3 سالہ فارمولا مسترد کیا تاہم بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کا پارٹنرشپ فارمولا تسلیم کر لیا گیا ہے اور چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے کہا گیا کہ چیمپیئزٹرافی کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں اور تین سال تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے جبکہ چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کھیلی جائے گی۔