احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار، عدالت نے ملزمہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں ریفرنس پر سماعت کی۔ ملزمان کی جانب سے 342 کے بیانات آج بھی جمع نہ کروائے گئے۔ ملزمہ بشری بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ گزشتہ سماعت پر یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ بشری بی بی پیش ہوں گی اور 342 کے سوال نامہ کے جواب بھی ریکارڈ کروائے جائیں گے۔ جس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ بشری بی بی کے پلیڈر موجود ہیں۔پلیڈر مقرر کرنے کے حوالے سے درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بشری بی بی عدالت میں موجود ہوں گی تو ہی پلیڈر کی حاضری مارک ہو سکتی ہے۔ دونوں ملزمان کو سوال نامے کے جواب کیلئے 12 مواقع دیئے جا چکے ہیں۔ 10 سماعتوں سے بانی پی ٹی آئی جبکہ چھ سماعتوں سے بشری بی بی کے کونسل موجود نہیں ۔
عدالت نے ملزمہ کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور اس پر عملدرآمد کا نوٹس بھی دوبارہ جاری کر دیا۔






















