چیمپئنز ٹرافی سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) بورڈ میٹنگ میں آج بھی کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے کی گتھی تاحال سلجھ نہ سکی اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ آئی سی سی کا اجلاس ایک مرتبہ پھر ملتوی کردیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا موقف بتادیا ہے،ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان کا 3 سالہ فارمولا مسترد کردیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر بات چیت جاری ہے، براڈکاسٹرز کی جانب سے آئی سی سی پر پریشر بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کرچکا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے۔
یہ فارمولا چیمپئنز ٹرافی سے لاگو ہوگا اور 3 برس تک رہے گا جس کے تحت بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا تاہم بھارت نے پاکستان کا 3 سالہ فارمولا مسترد کردیا۔