آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر ڈیڈ لاک ختم کرنے کےلیے نیا فارمولہ سامنے گیا۔
ذرائع کے مطابق نیا فارمولا چیمپئنزٹرافی سے لاگو ہوگا اور اگلے 3سال تک رہے گا، نئے فارمولے میں بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور وینیوز کا اعلان بھی جلد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پہلے ہی اضافی رقم کی پیشکش مسترد کر چکا ہے، فارمولے کا نام ہائبر ڈماڈل نہیں ہوگا۔ ممکنہ طور پرفارمولاطے پانے پر بورڈ ممبرز کو آگاہ کردیا جائے گا۔ نئے فارمولے سے متعلق بھارتی بورڈ کو آگاہ کرنا ہے پھربات بڑھے گی تاہم پاکستان کی تجاویز کے بعد چیمپئنزٹرافی کا معاملہ جلد حل ہونے کی امید ہے۔
ذرائع پی سی بی کا کہناتھا کہ پاکستان کو پیسے نہیں بلکہ اپنی عزت اور وقار عزیز ہے، معاملہ حل کرنے کے لیے برابری کی بنیاد پر نیا فارمولہ طے کرنا ہو گا، پاکستان چاہتا ہے نیا فارمولا کم از کم تین سال کے لیے طے کیا جائے، نیا فارمولا صرف چمپیئنز ٹرافی کی حد تک لاگو نہیں ہو گا، فارمولہ اگلے تین برس تک آئی سی سی کے تمام ایونتس کے لیے ہو گا۔
آئی سی سی کا بھارت کو فارمولا ماننے کا مشورہ
دوسری جانب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو فارمولا ماننے کا مشورہ دے دیا، فارمولے کا مقصد پاکستان کی جانب سے قانونی کاروائی سے بچنا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی ووٹنگ کے بغیر ہی معاملہ حل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ فارمولے کے تحت بھارت کی طرح پاکستان بھی انڈیا میں کوئی ٹورنامنٹ نہیں کھیلے گا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان نے شرائط عائد کی ہیں کہ اگر بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے تو پاکستان آئی سی سی ٹورنامنٹ میں بھارت نہیں جائے گا بلکہ پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل مقامات پر ہوں گے ۔
فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا، محسن نقوی
اس سے قبل محسن نقوی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ فیصلے کریں گے جو کرکٹ کے لیے بہترین ہوں ، سب سے اہم پاکستان کی عزت ہے ، اب بات لانگ ٹرم بنیادوں پر ہوگی صرف چیمپیئنزٹرافی کےلیے نہیں۔
محسن نقوی کا کہناتھا کہ ہائبرڈ فارمولانہیں جو بھی نیا فارمولا بنے گا، فیصلہ برابری کی بنیاد پرہوگا، ہم نے کرکٹ کو جتوانا ہے ، سب سے اہم پاکستان کی عزت ہے ، یہ نہیں ہوسکتا کہ یکطرفہ معاملات چلتے رہیں ، یہ ممکن نہیں کہ ہم بھارت جائیں ،مگر وہ پاکستان نہ آئیں ، اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے حل کرنا ہے ، اب بات لانگ ٹرم بنیادوں پر ہوگی صرف چیمپیئنزٹرافی کےلیے نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنی توجہ پاکستان ٹیم کے اوپر دینی ہے اتنی انڈر19 پر بھی دینی ہے، مستقبل میں ہم پلان بنا رہے ہیں کیسے نوجوانوں کو بہتر موقع دینا اور کیسے انکو گرووم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ 2 نومبر کو چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس آج ہوا جس میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا اور اجلاس ملتوی کر دیا گیا جس کے بعد اب آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ بیان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ آئی سی سی بورڈ کا آج مختصر اجلاس ہوا، تمام فریقین چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ایک مثبت حل کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں ، امید ہے کہ بورڈ آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آئندہ سال پاکستان میں ہونی ہے جبکہ انڈیا پہلے ہی پاکستان آنے سے انکار کر چکا ہے۔ انڈیا کے انکار کے بعد سے چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے طرح طرح کی خبریں سامنے آرہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ اس ٹورنامنٹ کو پاکستان میں ہی کروانے کے فیصلے پر کھڑا ہے اور انڈیا کے میچز کسی دوسرے ملک میں کروانے کی تجویز کو مسترد کر چکا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے نو مارچ تک پاکستان میں ہونا ہے تاہم تاحال ایسا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا ہے کہ کون کس سے کب کھیلے گا۔