وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پمز اسپتال کا دورہ کیا جس دوران شرپسندوں کے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز،ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ کہا کہ شرپسندوں کے عزائم ناکام بنانے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔
پمز اسپتال کے دورے کے موقع پر ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عاطف بھی وزیرداخلہ محسن نقوی کے ساتھ تھے۔ وزیرداخلہ اور ڈی جی رینجرز پنجاب ہر زخمی افسر اور جوان کے پاس گئے اور خیریت دریافت کی۔
وزیرداخلہ اور ڈی جی رینجرز پنجاب نے زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔ زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے لئے ہدایات بھی دیں۔ وزیر داخلہ نے زخمی جوانوں سے کہا کہ آپ قوم کے ہیرو ہیں، ہمیں آپ کی بہادری پر مان ہے۔ شرانگیزی کے باوجود آپ نے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا۔