پولی کلینک میں لاشوں سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد قرار دیدی گئی۔
ترجمان پولی کلینک کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نہیں لائی گئیں، سوشل میڈیا پر پولی کلینک کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا اور کہا کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پرچند لوگوں کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ رات گئے پولیس اور رینجرز کے آپریشن میں کسی قسم کے آتشی اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔