جوڈیشل کمیشن کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کیلئے 9 ججز نامزد کر دیے گئے۔
پیر کو چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کیلئے 9 ججز نامزد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے تمام ججز کو 24 نومبر تک آئینی بینچ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔
اعلامیہ
آج ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچ کی تشکیل 2 ماہ کیلئے کی گئی ہے اور جسٹس کے کے آغا کو آئینی بینچ اور آئینی کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق جسٹس عمرسیال اور جسٹس محمد سلیم جیسر آئینی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ جسٹس ذوالفقار سانگی ، جسٹس ارباب علی اور جسٹس یوسف علی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
دیگر ججز میں جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ثنا منہاس اکرام بینچ کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا دعویٰ
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جوڈیشل کمیشن نے آئینی بینچ کیلئے ججز کی نامزدگی کثرت رائے سے کی اور آئینی بینچ کے ججز کے حق میں 11 ارکان نے ووٹ دیا۔
جسٹس منصورعلی شاہ ، جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے اختلاف کیا۔