وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے دورہ پاکستان کو تاریخی قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بیلاروس کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبےمیں پہلے ہی مثالی تعاون جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی تعاون جاری ہے، ٹریکٹرز کی پیداوار بنانے پر بات کی جا رہی ہے، بیلاروس پاکستان کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بیلاروس کےصدر کے وزیراعظم شہبازشریف کیلئے اچھے جذبات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیلاروس شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بنا دیا گیا، وزیراعظم نے اس پر بھی مبارک باد دی، بیلاروس کے صدر کے دورے سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول میں آ رہی ہے، آٹا، بجلی، پیٹرول پچھلے سال کی نسبت سستے ہیں، معیشت بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی کے بھی مثبت اعشاریے آ رہے ہیں، زرمبادلہ ذخائر، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، بیلاروس کے پاکستان سے معاہدوں سے معیشت کو بہت فائدہ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹ کراس کر گئی، سٹاک ایکسچینج میں تاریخی بہتری معاشی ترقی کی عکاس ہے۔