پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پر پابندی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع ہوگئی۔
مسلم لیگ ( ن ) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے جس کے مطابق ایوان پی ٹی آئی کی جانب سے وفاق پر جتھوں کے حملے کی مذمت کرتا ہے۔
قراداد کے متن کے مطابق ایک صوبے کا چیف ایگزیکٹو اور سابق خاتون اول جتھوں کیساتھ حملہ آور ہو رہے ہیں جبکہ شرپسندوں اور بلوائیوں نے پولیس اہلکاروں کو زخمی اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا ہے۔
متن کے مطابق مخصوص ٹولے نے سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام کے جان و مال کونقصان پہنچایا اور ایک دن کے احتجاج کے باعث پاکستان کو 190 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ تحریک انصاف ایک شدت پسند جماعت ہے اس پر فوری پابندی عائد کی جائے۔