چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) بیرسٹر گوہر نے احتجاج سے متعلق عمران خان کا پیغام بتادیا۔
پیر کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی عمران خان سے ملاقات ہوئی جو کہ ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی ۔
ملاقات ختم ہونے کے بعد دونوں رہنماء اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، خان صاحب کی احتجاج کی کال فائنل ہے، احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ مذاکرات جو چل رہے ہیں اسکا کچھ بتا دیں۔
بیرسٹر گوہر نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ وہ انشاءاللہ تعالی جاتے ہیں تو بات کرتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ رات موٹر وے پر گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔
پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل مرکزی قافلے کے شرکاء نے گزشتہ روز صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا تھا اور احتجاج میں شامل پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز نے رات برہان کے قریب موٹر وے پر گزاری تھی، صبح ہوتے ہی پی ٹی آئی کے قافلے نے اسلام آباد کی جانب دوبار سفر کا آغاز کر دیا ہے۔