صدر مملکت آصف زرداری نے خواتین کے خلاف تشدد کو انسانی حقوق کا بڑا مسئلہ قرار دیا۔۔ کہا خواتین کے حقوق بارے شعور بیدار کرنا اور تشدد کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدرزرداری نے تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ صدر نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدرآصف زرداری کا کہنا تھا کہ خواتین کو تعلیم اور ہنر کی فراہمی، ان کی مالی خودمختاری یقینی بنانا ہوگی۔ تشدد سے عالمی سطح پر ہر تین میں سے ایک خاتون متاثر ہوتی ہے۔خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔ تشدد سے ہرسال ہزاروں خواتین اپنی جانیں کھوبیٹھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے حکمت عملی، نظام میں اصلاحات لاناہوں گی۔ پاکستان خواتین کے خلاف تشدد کے مسئلے کے حل کیلئے پُرعزم ہے۔