وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا کی زیر قیادت پشاور سے روانہ ہونے والا قافلہ غازی بروتھا پہنچ چکا ہے جہاں مظاہرین کو رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق قافلہ یہاں سے برہان انٹرچینج جائے گا ۔ عمر ایوب کی زیر قیادت ہزارہ ڈویژن سے آنے والا قافلہ بھی برہان انٹرچینج پہنچے گا ، خیبر پختون خوا کے سارے قافلے براہان انٹرچینج پر اکھٹے ہوں گے اور پھر اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے ۔ لیکن حکومت نے بھی مظاہرین کو روکنے کیلئے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں۔
غازی بروتھا کے مقام پر پل کو دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیاہے ، پل کی دوسری جانب کارکنان آگے جانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے کارکنان پر شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مظاہرین پولیس اہلکاروں پر پتھراو کر رہے ہیں ۔کارکنان نے ماسک پہنے ہوئے ہیں اور ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے ہیں جبکہ قریبی جھاڑیوں میں آگ بھی لگا دی گئی ہے ۔
لاہور سمیت مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان کو حراست میں لے لیا گیاہے ۔