بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے راولپنڈی پولیس کی تفتیش کا دوسرا دور بھی مکمل ہوگیا۔
تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے 28 ستمبر کے پرتشدد مظاہروں کیخلاف درج مقدمہ میں 21 نومبر کو بانی پی ٹی آئی کا انسدادِ دہشتگردی عدالت سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا جس کے بعد ہفتہ کو 3 رکنی تفتیشی ٹیم تفتیش کے لئے اڈیالہ جیل پہنچی اور تقریباً ایک گھنٹہ تک تفتیش کرنے کے بعد جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔
بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے دوسرے دور میں تفتیشی افسر انسپکٹر راشد کیانی نے مقدمے سے متعلق 15 سے زائد سوالات پہلے سے گرفتار و جوڈیشل ہونے والے 23 ملزمان سے ہونے والی تفتیش کے تناظر میں تیار کئے تھے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی افسر نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں دفعہ 144 کے باوجود احتجاج کی کال دینے اور جیل ملاقاتوں میں پارٹی کے لوگوں کے ذریعے پیغام رسانی کرکے انہیں اور لوگوں کو احتجاج پر اکسانے سے متعلق سوالات کیے۔
تفتیشی ٹیم نے اڈیالہ جیل اور عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کرنیوالوں کا ریکارڈ بھی حاصل کر رکھا ہے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی تقاریر اور سوشل میڈیا پوسٹوں کا ریکارڈ بھی حاصل کررکھا ہے جسکے تناظر میں تفتیش کی کڑیاں ملائی جا رہی ہیں۔
تفتیشی ٹیم کے پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ کا آج تیسرا دن ہے گزشتہ روز تفتیشی افیسر نے تقریبا ساڑھے چار گھنٹے تک تفتیش کی تھی۔