پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور سابق کپتان بابر اعظم کی ٹی 20 رینکنگ میں تنزلی ہوگئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق محمد رضوان اور بابر اعظم کی ایک، ایک درجہ جبکہ فاسٹ باؤلرز کی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی کی 10 درجے تنزلی ہوئی ہے۔
نئی رینکنگ میں بابراعظم چوتھے سے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ محمد رضوان پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی ترقی ہوئی اور وہ 24 ویں سے 20 ویں پوزیشن پر آگئے جبکہ شاہین آفریدی دس درجہ تنزلی کے بعد 24 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی 20 بیٹرز رینکنگ
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیٹرز کی نئی رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ اور انگلش کھلاڑی فل سالٹ کی باالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ بھارتی کھلاڑی تلک ورما ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارتی کھلاڑی سوریا کمار یادیو ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے ، بابر اعظم پانچویں ، محمد رضوان چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ انگلش کھلاڑی جوز بٹلر ساتویں، بھارتی کھلاڑی یشوی جیسوال آٹھویں، سری لنکن کھلاڑی پتھم نسانکا نویں اور افغان کھلاڑی رحمان اللہ گرباز دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
رحمان اللہ گرباز ایک درجہ ترقی کے بعد دسویں پوزیشن پر پہنچے ہیں۔