بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکھیرا سمیت 16 گواہوں کو عدالتی گواہ کے طور پر بلانے کی درخواست کردی۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے گواہان طلبی کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی کہ سابق سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکھیرا کو بطور عدالتی گواہ طلب کیا جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے تفتیش کے دوران 16 گواہوں سے تفتیش کی ، ان گواہوں کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کیا جائے۔
درخواست میں استدعا میں کی گئی کہ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) پنجاب کو القادر یونیورسٹی کے ریکارڈ کے ساتھ بلایا جائے۔
آئیسکو جہلم اور دینہ کے 2 افسران کے نام بھی گواہوں کی لسٹ میں شامل ہیں۔
سماعت کا احوال
منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشرٰی بی بی کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ملزمان کی جانب سے 342 کے سوال نامے کے جواب آج بھی داخل نہیں کرائے گئے اور عدالت نے ملزمان سے سوالناموں پر پھر جواب طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی جانب سے کی جانب سے کی جانے والی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں بلکہ طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کردی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
وکلا صفائی نے 16 گواہوں کی فہرست پیش کرتے ہوئے انہیں عدالتی گواہ کے طور پر بلانے کی استدعا کی جس کی نیب وکلا کی جانب سے مخالفت کی گئی۔
نیب وکلا کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے اختیار صرف عدالت کا ہے، ملزمان کی جانب سے 342 کے سوال نامے کا جواب داخل نہیں کرایا گیا۔
بعدازاں، عدالت نے ملزمان سے سوالناموں پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کردی اور گواہان طلب کرنے کی درخواست مناسب وقت پر سماعت کے لئے رکھ لی۔