پاکستان نے اسرائیلی بربریت کے شکار غزہ کے فلسطینیوں کیلئے انسانی بنیادوں پر امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں غزہ میں انسانی المیے کے پیش نظر فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ کیلئے امداد بھیجنے کیلئے مصری حکومت، ہلال احمر اور اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسیوں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ غزہ کیلئے امداد کی ترسیل کو حتمی شکل دینے کیلئے بیرون ملک پاکستانی مشنز سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی ظالمانہ بمباری میں اب تک 2800 سے زائد فلسطینی شہید اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
حماس نے اسرائیل پر 7 اکتوبر کو اس صدی کا سب سے بڑا حملہ کیا تھا، جس میں 7 ہزار سے زائد راکٹ فائر کئے گئے جبکہ زمینی اور فضائی کارروائی بھی کی گئی، حماس کے حملے میں 1300 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔