دوہزار چوبیس کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق تین مقدمات سننے والا سپریم کورٹ کا بینچ تبدیل کر دیا گیا ، اب جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بیس نومبر کو سماعت کرے گا۔
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے کیسز کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کرنا تھی، اب یہ بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نیا بینچ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں بیس نومبر کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے نئے تین رکنی بینچ میں جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس عقیل عباسی بھی شامل ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی اٹھائیس کیچ میں میر ہمل خان جبکہ پی بی چوالیس کوئٹہ میں عبیداللہ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے ہی حلقہ پی بی پینتالیس میں علی مدد جتک نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک کو حکم امتناع پر بحال کر رکھا ہے۔