وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے ہدایات دے دی ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد تک محدود ہو چکی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال 35 سو ارب روپے کے ٹیکسز لگائے گئے، گزشتہ 70 سالوں سے قائم سسٹم کے تحت ملک نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 18 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا جس کو کنٹرول کیا گیا، ملک کو قرضوں کے چنگل سے نکالنے کیلئے آمدن میں اضافہ اور ٹیکس چوری روکنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، گزشتہ ادوار میں ڈالر کی قلت کے باعث یومیہ ڈالر کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ہوتا رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو نافذ کرنے میں انتھک محنت کی ہے، ایف بی آر کو ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے ٹیکس چوروں کو پکڑنا ہوگا، ایف بی آرانفورسمنٹ بہتر بنانے کیلئے وسائل فراہمی کی سمری منظور کی گئی ہے۔