انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے پاکستانی اسپنر نعمان علی کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا۔
آئی سی سی کی جانب سے اکتوبر کے لئے پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ پاکستانی اسپنر نعمان علی کو دیا گیا ہے۔
نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین پرفارمنس دکھائی تھی جبکہ انہوں نے پہلی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
نعمان علی کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینیٹنر بھی نامزد تھے تاہم، نعمان کی کارکردگی ان پر بھاری رہی اور وہ پلیئر آف دی منتھ قرار پائے۔
پاکستانی اسپنر نے پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ساتھی کرکٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز پاکستان نے دو صفر سے جیتی تھی اور نعمان علی نے 13.85 کی شاندار اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔