ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر امریکا کے صدرمنتخب ہوگئے،الیکٹورل ووٹوں کی تعداد مطلوبہ 270 سے تجاوز کرگئی،کاملا ہیرس 226 الیکڑول ووٹ ملے،ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدرہونگے،20 جنوری 2025 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ویسٹ پام بیچ میں حامیوں سے خطاب میں ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ شاندار تحریک چلانے پر حامیوں کا شکر گزارہوں، ہمیں تاریخی فتح کسی مقصد کیلئے ملی ہے، ہم نے ملک کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔ ہم نے جن مشکلات کا سامنا کیا وہ کبھی کسی کو نہیں کرنا پڑا۔
نومنتخب امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے سینیٹ کیلئے شاندارمہم چلائی اور سینیٹ کاکنٹرول واپس حاصل کیا۔ ایوان نمائندگان میں بھی اکثریت حاصل کریں گے۔ یہ امریکا کے عوام کی شاندار فتح ہے، سوئنگ اسٹیٹس سے مجھے محبت ہے، ہمیں 315 الیکٹورل ووٹ ملنے کا امکان ہے۔
نومنتخب امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے ایلون مسک بھی کی تعریف کی، کہا کہ ایلون مسک ایک ذہین اور سمجھدار آدمی ہیں، ہمیں اپنے ذہین اور سمجھدار آدمی کا تحفظ کرناچاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قاتلانہ حملے میں میری جان بچ گئی، اس کا ایک مقصد ہے، مجھے نئی زندگی ملنے کا مقصد امریکا کو دوبارہ عظیم بنانا ہے، میں نے اپنی چار سالہ مدت میں کوئی جنگ شروع نہیں کی، گزشتہ دور صدارت میں ہم نے داعش کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سعودی عرب اور روس سے زیادہ تیل ہے، ہم اپنے تیل کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہمارے ملک میں آئیں، جوبھی آئے قانونی راستے سے امریکا آئے۔