وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دوست ممالک پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔
منگل کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی مارٹگیج لانچنگ کی تقریب کا انعقاد ہوا جہاں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کی بی کیٹگری ریٹنگ متوقع ہے، ہماری فچ ، موڈیز اور ایس اینڈ پی کے ساتھ مثبت گفتگو رہی ہے، فچ ، موڈیز اور ایس اینڈ پی کے مسلسل رابطے میں ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال میں یورو بانڈز متعارف کروائیں گے، جون 2025 ءمیں زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، جب ذخائر 13 ارب ڈالر ہوںگے تو 3 ماہ کی درآمدات کو تحفظ حاصل ہوجائے گا۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مقامی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو راغب کرنے کیلئے شرح سود میں کمی کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹربینک مارکیٹ ریٹ فی الوقت 13 فیصد پر ہے جو مزید نیچے آئے گا، وزارتِ توانائی پاور ٹیرف میں کمی کیلئے متحرک ہے، جاری ڈیجیٹلائزیشن سے ایف بی آر میں کرپشن کے دروازے بند ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دوست ممالک پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔