سری لنکا کی اے ٹیم 8 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی اور راولپنڈی میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق پاکستان 11 سے 29 نومبر تک سری لنکا اے کے خلاف 2 چار روزہ اور 3 ون ڈے میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
محمد ہریرہ سری لنکا اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔
مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے دو چار روزہ میچوں کے لیے چودہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جبکہ پچاس اوورز کے میچوں کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ فاسٹ باؤلرز محمد وسیم جونیئر اور خرم شہزاد بھی اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔
اسکواڈ میں شامل دوسرے ٹیسٹ کرکٹر حسین طلعت ہیں جو 50 اوورز کی سیریزمیں شامل ہیں۔
محمد غازی غوری اور احمد صفی عبداللہ پہلی مرتبہ شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔
وائٹ بال اسکواڈ میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت، محمد حارث، محمد عمران جونیئر اور روحیل نذیر نے اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ اسکواڈ سے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے جبکہ محمد عمران، سراج الدین اور عبید شاہ پہلی بار شاہینز کی ٹیم میں شامل ہونگے۔
پاکستان شاہینز کا ریڈ بال اسکواڈ بدھ سے ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔