ربیع الثانی کا چاند نظر آگیا، یکم ربیع الثانی منگل 17 اکتوبر کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، جس میں ربیع الثانی 1445ھ کے چاند کی رویت کا اعلان کیا گیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق یکم ربیع الثانی منگل 17 اکتوبر 2023ء کو ہوگی۔
رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کے علاوہ دیگر مرکزی اراکین، وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹر جنرل سید مشاہد حسین خالد، زین العابدین، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ سے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سرفراز اور خلائی اور بالائی موسمی ریسرچ کمیشن کے غلام مرتضیٰ نے بھی کمیٹی کی معاونت کی۔
مرکزی کمیٹی کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں منعقد ہوئے، ملک کے مختلف علاقوں سے ربیع الثانی کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ ربیع الثانی اسلامی سال کا چوتھا مہینہ ہے۔