وزارت خزانہ کی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مہنگائی ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔
وزارت خزانہ نے پاکستانی معیشت کے زیادہ تر اشاریوں میں بہتری کا دعویٰ کردیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ ترسیلات زر، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملکی معیشت نے پہلی سہہ ماہی میں مستحکم بحالی کا مظاہرہ کیا، ستمبر میں مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد پرآگئی، آئی ایم ایف سے 1.03 ارب ڈالر کی قسط ملنے سے معیشت کو تقویت ملی۔ ایس سی او کانفرنس سے کاروبار و مارکیٹ کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ مہینوں میں معیشت پائیدار بحالی کے سفر پر گامزن رہے گی، ترسیلات زر میں 38.8 فیصد اضافہ،حجم 8.78 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، پاکستانی برآمدات میں 7.8 فیصد اضافہ،حجم 7.49ا رب ڈالر رہا۔
زیرجائزہ عرصے کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 70.4 فیصد اضافہ،90 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئی، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 48 فیصد اضافے سے 77 کروڑ ڈالر رہی، اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ زخائر 7.61 ارب سے بڑھ کر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
اسٹاک مارکیٹ میں 78.4 فیصد تیزی،90 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کرگئی، ایک سال میں ڈالر ریٹ 280.29 سے کم ہو کر 277.62 روپے پر آگیا۔ جولائی تا ستمبر ٹیکس ریونیو میں 25.5 فیصد اضافہ،2563 ارب روپے جمع ہوئے۔ نان ٹیکس ریونیو 20.8 فیصد اضافے سے 341 ارب روپے رہا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ابتدائی 2ماہ میں مالی خسارہ 4.3 فیصد بڑھا،حجم 841 ارب روپے سے زیادہ رہا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 92 فیصد کمی،9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پر آگیا۔