وزیر اعظم شہباز شریف اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کےدرمیان فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو فورم کےموقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی جس دوران شہبازشریف نے خادم حرمین شریفن شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صحت و تندرستی کیلئے دعا کی۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی پاکستان کی حمایت پر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیراعظم نے پرتپاک مہمان نوازی پر بھی ولی عہد ووزیراعظم سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ۔ شہبازشریف نے کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔
شہبازشریف اور محمد بن سلمان نے پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ۔
وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا اور اس دورے کے دوران دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کی بنیاد پر پاک سعودی معاشی شراکت کا احاطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات اس امر کی عکاس ہے۔