پاکستان کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی 26 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق قائداعظم ٹرافی 26 اکتوبر سے شروع ہوگی جس میں کراچی ریجن وائٹس پشاور ریجن کے خلاف ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کرے گی۔
16 ریجنز کی 18 ٹیمیں تین گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ 6 شہر گروپ مرحلے کے 45 میچوں کی میزبانی کریں گے اور قائداعظم ٹرافی کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 26 لاکھ روپے ہے۔
فاتح ٹیم کو 75 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 40 لاکھ روپے ملیں گے۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بہت اہمیت رکھتا ہے، اٹھارہ ٹیموں کی شرکت سے کھلاڑیوں کے پول میں اضافہ ہوگا اور مزید ریجنز کو کھیلنے کا موقع ملے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور مردوں کی بین الاقوامی ٹیم میں نمائندگی کا موقع فراہم کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ٹورنامنٹ کو آسانی اور پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کے لیے بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔