متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور پاکستانی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید اور پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے درمیان غزہ کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران گفتگو ممکنہ انسانی بحران پر فوری اور مربوط لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا گیا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کی اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ حماس کا حملہ ناقابل بیان اور حیران کن تھا، ایسے حملے کو کوئی بھی ملک برداشت نہیں کرسکتا۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں جانب عام شہری متاثر ہورہے ہیں۔ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔