پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم پر 100 فیصد اتفاق ہو چکا ہے۔
ہفتہ کو سربراہ جے یو آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مشاورت کا عمل تیزی سے جاری ہے اور آئینی ترامیم پر بات چیت چل رہی ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان سے آئینی بینچز کے قیام پر اتفاق ہوگیا ہے ، کوشش ہے وہ خود پارلیمنٹ میں ترامیم پیش کریں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئین اور پارلیمنٹ کو مزید طاقتور بنا رہے ہیں، اُمید ہے مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو قائل کرلیں گے، پی ٹی آئی ثابت کرے وہ ایک سیاسی جماعت ہے، ہم سے سیاسی طور پر جو ہوسکا کرلیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مولانافضل الرحمان کے مسودے پر تو ووٹ دے۔