قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملازمین کی آج کی چھٹی منسوخ کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر ارکان الیکشن کمیشن کوہنگامی اجلاس کےلیے بلایا جاسکتا ہے، الیکشن کمیشن کاعملہ آج چھٹی کے دن معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے 8 رکنی اکثریتی ججز نے ایک اور وضاحت جاری کردی۔ حکمنامے کے مطابق الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے ۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔ دو صفحات پر مشتمل وضاحت میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن مزید کوئی وضاحت مانگے بغیر فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن ذرائع نے بھی واضح کر دیا کہ پارلیمان سپریم ہے ۔ پارلیمنٹ کی قانون سازی کو سپریم کورٹ کے فیصلوں پر برتری حاصل ہے، ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا البتہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں خود کہہ چکی ہے کہ قانون سازی کو سپریم کورٹ کے فیصلوں پر فوقیت حاصل ہے۔