مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے پاکستان آنا چاہیے۔
جمعرات کو سابق وزیر اعظم نواز شریف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر بھارتی صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف بھی شریک تھیں۔
بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایس سی او سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی اچھی شروعات ہوسکتی ہے، پاک، بھارت تعلقات بہتر ہو جائیں تو بہت کچھ بہتر ہو سکتا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کے لئے پاکستان آنا چاہیے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) کے نائب صدر راجیو شکلا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے پاکستان جانے کا فیصلہ بھارتی حکومت آئندہ سال کرے گی۔
لازمی پڑھیں۔ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان جانے کا فیصلہ حکومت آئندہ سال کریگی، بھارتی بورڈ
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کریگا جبکہ ایونٹ کا انعقاد فروری مارچ 2025 میں ہوگا۔