وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزارت خارجہ ، داخلہ ، اطلاعات، سی ڈی اے اور تمام متعلقہ اداروں کی تعریف کی گئی اور فول پروف انتظامات پر پاک فوج ، اسلام آباد پولیس ، رینجرز اور ایف سی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین سی ڈی اے اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو خصوصی طور پر شاباش دیتاہوں، اسلام آباد میں بہترین انتظامات اور لینڈ اسیکپنگ کا سہرا سی ڈی اے کو جاتا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم نے مل کر محنت کی اور شاندار نتائج دیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس سے پاکستان کا عالمی سطح پر امیج بہتر ہوا۔