ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ سمیت شہر میں کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث بینکاروں اور گداگری کے لئے سعودی عرب جانے والی خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔
پہلی کارروائی میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے کلفٹن میں نجی بینک کے باہرسے بینک مینجر سمیت پانچ ملزمان گرفتار کئے،ملزم وسیم، ارسلان، عدیل، شیرازاورشاہدحوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں،ملزمان سے بیس ہزار برطانوی پاونڈ ،4 ہزار 500 امریکی ڈالراور 88 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔
دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن سرکل نے دو نجی بینکوں کے حماد حسن،احتشام اور ریاض نامی افسران کو گرفتاراور 26 ہزار امریکی ڈالرز برآمد کئے۔
کراچی ائرپورٹ پرکارروائی میں امیگریشن نے سعودیہ جانے والی دو مسافر خواتین کو گرفتار کرلیا،خواتین عمرہ ویزے کی آڑ میں گداگری کے لئےجا رہی تھیں، گرفتار خواتین کے پاس ہوٹل بکنگ کی دستاویزات اور سفری اخراجات کی رقم بھی موجود نہ تھی،گرفتارتمام ملزمان کے خلا ف کارروائی جاری ہے۔