وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ میں شریک رکن ممالک کے سربراہان اور وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، تقریب میں چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ سب سے پہلے پہنچے اور پھر تقریب کا آغاز ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے عشائیے کی تقریب میں شریک ہونے والے تمام مہمانوں کا خود استقبال کیا جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی مہمانوں کی رہنمائی کرتے رہے ۔
عشائیے میں چین، روس، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، بیلا روس کے وزرائے اعظم اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ سمیت مہمان شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت پر خیرمقدم کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اورمقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مہمانوں نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پروزیراعظم کو مبارک باد دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور جے شنکر کی مصافحہ
وزیراعظم شہبازشریف اور بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے درمیان مصافحہ بھی ہوا جو کہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ، یہ غیر معمولی ملاقات تقریباً ایک دہائی بعد کسی بھارتی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے دوران ہوئی ۔دونوں رہنماؤں نے ایس سی او سمٹ کی وسیع سرگرمیوں کے حصے کے طور پر عشائیہ کے دوران ایک دوسرے سے خیرمقدمی ملاقات کی۔اس دوران بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مصافحہ کے دوران خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
جے شنکر کی اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر آمد دوپہر 3:30 بجے کے قریب ہوئی، جہاں بچوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کر کے تقریب کی اہمیت کو اجاگر کیا۔جے شنکر ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو سمٹ میں شرکت کر رہے ہیں، جس کے مرکزی ایونٹس بدھ کے روز انجام پذیر ہوں گے۔سمٹ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ اس حساس جغرافیائی سیاسی ماحول میں تقریب کا کامیابی سے انعقاد کیا جائے ۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے 23واں سربراہی اجلاس کا شیڈول
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے 23 ویں سربراہی اجلاس کیلئے تمام معزز مہمان کل جناح کنونشن سینٹر میں اکھٹے ہوں گے ، وزیراعظم شہبازشریف قائدین کا استقبال کریں گےجس کےبعدگروپ فوٹوسیشن ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف سمٹ میں شریک رہنماؤں کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف کےابتدائی کلمات سےسمٹ کی باضابطہ کارروائی شروع ہوگی۔ معیشت،تجارت،ماحولیات،سماجی اورثقافتی شعبوں میں جاری تعاون پربات چیت ہوگی، شریک رہنماؤں کےمختلف دستاویزات پردستخط کےبعدوزیراعظم اختتامی کلمات پیش کریں گے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراورایس سی او کےسیکرٹری جنرل ژانگ منگ میڈیاسےگفتگوکریں گے۔