جنگ سے متاثرہ غزہ سے تعلق رکھنے والے مزید 27 فلسطینی طلباء میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک اور چیئرمین الخدمت ہیلتھ سروسز پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف نے حکومتی حکام کے ہمراہ لاہور ائیرپورٹ پر فلسطینی طلباء کا پرتپاک استقبال کیا۔
قبل ازیں مصر میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے فلسطینی طلبہ کو قاہرہ ائیرپورٹ سے روانہ کیا تھا جو فلائٹ جی ایف 764 کے ذریعے براستہ بحرین پاکستان پہنچے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اِس موقع پر کہا کہ پہلے مرحلے میں غزہ کے 192 فلسطینی طلباء مختلف پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچ رہے ہیں جو الخدمت فاؤنڈیشن، گلوبل ریلیف ٹرسٹ اور ڈاکٹرز آف رحمان کے تعاون سے پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں اپنی میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم جاری رکھیں گے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان، فلسطینی سفارت خانے اور مختلف میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کے شکرگزار ہیں جن کی دلچسپی سے فلسطینی طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جنگ کے پہلے دن سے غزہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ، میڈیکل، ہائی جین اور شیلٹر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جہاں الخدمت نے غزہ کے اندر بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے سکولزقائم کئے ہیں وہیں مصر، ترکی اور پاکستان سمیت دیگر ممالک میں زیر تعلیم فلسطینی طلباء کی معاونت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
فلسطین سفارت خانے، حکومت پاکستان سمیت مختلف یونیورسٹیز اور کالجز سے مختلف میٹنگز کے بعد اللہ کی نصرت سے ہم غزہ کے ان طلبہ کو پاکستان پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔ مہمان طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کے ساتھ رہائش، خوراک سمیت دیگر ضروریات کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔