انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ کے لیے تجربہ کار بلے باز بابراعظم کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا۔
قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ سے قبل اہم ملاقات ہوئی جس میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا مشورہ دیا گیا۔
اس سے قبل سابق کپتان سرفراز احمد کو انگلینڈ کیخلاف جاری سیریز کےلیے ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا، بابر اعظم اور سرفراز احمد دونوں اکٹھے ملتان سے لاہور کے لئے روانہ ہوگئے۔ بابر اعظم کو سلیکشن کمیٹی و ٹیم مینجمنٹ نے کرکٹ سے آرام کا مشورہ دیا تھا جبکہ سرفراز احمد نے چئیرمین کے اجلاس میں فٹنس ٹیسٹ بار بار لینے پر تنقید کی تھی۔
ذرائع کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے لئے پاکستان اسکواڈ کے اعلان سے متعلق قومی سلیکشن کمیٹی تمام فیصلوں سے متعلق قومی ٹیم مینجمنٹ سے بات چیت کرے گی۔ جب تک دونوں ایک پیج پر نہیں ہونگے اسکواڈ کا اعلان نہیں ہوسکے گا، منجمنٹ سے حتمی مشاورت کے بعد اسکواڈ کا اعلان ہو گا۔