وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی گورننگ باڈی اجلاس میں "اپناگھر اپنی چھت" پروگرام کیلئے رواں مالی سال کےلئے 34 ارب 73 کروڑ کے سرپلس بجٹ کی منظوری دیدی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پھاٹا سے پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہاؤسنگ پراجیکٹ مکمل کرنے کا پلان طلب کرلیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا اپنی چھت اپنا گھرپورٹل پر 5 لاکھ 44 ہزار لوگ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ پراجیکٹ میں گھربنانے کے لئے دولاکھ 80 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں ۔
گورننگ باڈی کے اجلاس میں پھاٹا کومعاہدہ سائن کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے درخواست دہندگان کے قواعد کی تصدیق کا عمل بروقت اورتیزی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ گورننگ باڈی اجلاس میں پھاٹا کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے سکیل کواپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔
پھاٹا سروسز ریگولیشن 2004 کے تحت سول سب انجینئر کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی ، بجٹ کی منظوری کابینہ کی بجائے پھاٹا گورننگ باڈی کی اجازت سے مشروط کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں سابق ہاؤسنگ اسکیموں میں قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے درخواست دہندگان کے واجبات کی واپسی کی اجازت دے دی گئی ۔ پھاٹا کو زیرالتوا ہاؤسنگ سکیموں کا کیس ٹو کیس جائزہ لے کرمنظوری کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔