سابق کپتان سرفراز احمد کو انگلینڈ کیخلاف جاری سیریز کےلیے ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کوچ اور کپتان کے لئے پہلی ترجیح نہیں ۔ محمد رضوان پر کوچ اور کپتان متفق ہیں ۔ متبادل وکٹ کیپر حسیب اللہ کو تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔ ضرورت پڑنے پر حسیب اللہ کو ملتان طلب کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے اسکواڈ سے بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی چھٹی کا قوی امکان ہے۔
ملتان میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد سابق کپتانوں بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے پر غور کیا جارہا ہے، قومی سلیکشن کمیٹی نے بابر اعظم کی مسلسل ناقص کارکردگی پر جبکہ سلیکٹرز نے قومی ٹیسٹ ٹیم سے شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کی تجویز دی ہے۔
قبل ازیں مسلسل ناکامیوں کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا ستارہ بھی گردش میں آگیا ہے اور انھیں بھی قیادت سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان نے مسلسل چھٹے ٹیسٹ میں ناکامی کا منہ دیکھا ہے اور اس دوران کئی ایسی عبرت ناک شکستیں پائی ہیں کہ جس نے کرکٹ کی تاریخ بدترین ثابت ہوئیں۔