وزیر اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف انتظامات کا جائزہ لینے خود جناح کنونشن سینٹر پہنچے جہاں انہیں وزارت خارجہ کے حکام اور چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس پرانہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سربراہی اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ دو روزہ اجلاس میں 12 ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے جن میں چین ، روس ، بیلاروس، قازقستان ،کرغزستان ، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شامل ہیں۔
ایران کے اول نائب صدر جبکہ بھارتی وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے اور منگولیا کے وزیراعظم اور ترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے چیئرمین اجلاس میں شریک ہوں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں معیشت ، تجارت ، سماجی وثقافتی تعلقات اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون پر بات ہوگی اور تعاون کے فروغ اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔
کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی رکن ممالک کے وفود کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔