خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلیے آسان ویزہ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا،جس میں آ رمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس آئی ایف سی نے ایک نئی ویزا پالیسی متعارف کروائی ہے جس کا مقصد غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔ یاد رہے کہ سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام رواں برس کے آغاز میں خلیجی ممالک اور دیگر دوست ممالک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے عمل میں آیا تھا۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں متفقہ طور پر اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام فیصلے ملک کے وسیع تر مفاد میں کئے جائیں گے۔ نگران وزیر قانون نے کہا آئی ایم ایف معاہدے کی مکمل پیروی کی جائے گی۔
نگراں وزیراعطم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نئی ویزہ رجیم سے متعلق اہم فیصلےکیےگئے ، کاروباری افراد کو باآسانی ویزہ فراہمی ممکن بنائی جائے گی
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ خلیجی ممالک سے ہمیں سرمایہ کاری کی کمٹمنٹس آئی ہیں، تمام معاہدوں میں پاکستان کے معاشی مفاد کا تحفظ کیا جائے گا، قوم کو جلد اس بارے میں خوشخبری ملے گی کافی سارے معاہدے بھی تیار ہیں۔