وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ شعبہ توانائی میں اصلاحات جاری ہیں کوشش ہے لائن لاسز کو کم کیا جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت 10 روپے فی یونٹ سے کم ہونی چاہیے، آئندہ چند ماہ میں یہ ہدف پورا کر لیں گے اور بجلی کی قیمت کم ہوجائے گی۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کررہے ہیں جبکہ 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے 411 ارب روپے کی بچت ہوگی ۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اب باقی پاور پلانٹس کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، اُن کو بجلی دو اور پیسے لو کی پالیسی پر لائیں گے، دو تین ڈسکوز میں نقصانات بڑھے ، باقی میں کم ہوگئے ہیں، کوشش ہے لائن لاسز کو بھی کم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سارے عمل میں اداروں اور مکمل حمایت پر آرمی چیف کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ ڈیٹ ری پروفائلنگ پر بھی کام جاری ہے۔