وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی ہے اور کراچی دھماکے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
پیر کو ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر ، حکومت اور مرنے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ چینی سفیر نے واقعے کے بعد پاکستانی قیادت کے ردعمل کو سراہا ۔
محسن تقوی کا کہنا تھا دکھ کی گھڑی میں چینی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں ، پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ، واقعہ کی تحقیقات یقینی بنا کرملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین دوستی پر حملہ ناقابل برداشت ہے، یہ واقعہ پاک چین بردرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہے ، بزدل دشمن کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہ ہونے دیں گے ۔
انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ، دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا ، یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے ، دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا ۔